پاکستانی انڈسٹری کے مشہور اداکار فہد مصطفیٰ نے کہا ہے کہ انھیں سوشل میڈیا پر کی جانے والی تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
حال ہی میں اداکار فہد مصطفیٰ نے مومن ثاقب کے پروگرام میں شرکت کی، جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پر کی جانے والی تنقید کے بارے میں گفتگو کی۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ ایک ایوارڈ شو میں فہد مصطفیٰ کو بھارتی اداکار گوندا کے پیر چھونے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم پروگرام میں میزبان کی جانب سے گووندا کے پاؤں چھونے پرتنقید کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب پر فہد مصطفیٰ نے کہا کہ مجھے سوشل میڈیا پر تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ مجھے یہ بات بڑے اچھے سے معلوم ہے کہ میرے تمام فالوورز مجھ سے محبت نہیں کرسکتے۔
اداکار نے کہا کہ میرا منیجر اکثراوقات مجھے کہتا ہے کہ آپ کو سوشل میڈیا پر متحرک رہنے کی ضرورت ہے لیکن میں اس دوڑ کا حصہ نہیں بننا چاہتا، سوشل میڈیا اس وقت تک اچھا ہے جب تک آپ کو اس کو اچھے مقصد کیلئے استعمال کرینگے۔
فہد مصطفیٰ نے کئی مشہور ڈراموں میں کام کیا ہے جن میں ’میں چاند سی‘، دوسری بیوی اور میں عبدالقادر ہوں شامل ہیں۔ انہوں نے کئی پاکستانی فلموں میں بھی کام کیا ہے جن میں نامعلوم افراد 1 اور 2، لوڈ ویڈنگ اور ایکٹراِن لاء شامل ہیں۔ وہ پاکستان کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے گیم شو ’جیتو پاکستان‘ کی میزبانی بھی کرچکے ہیں۔