اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں کورونا وائرس کے خلاف قومی جنگ کے دوران سیاست کو گناہ سمجھتا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ میرے نزدیک یہ گناہ ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے دوران سیاست کی جائے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ اچھے کام کے لیے ہمارا حکومت کی تعریف کرنا اتنا ہی ضروری ہے جتنی کہ یہ بات اہم ہے کہ حکومت کی ناکامیوں پر بھی روشنی ڈالی جائے۔
کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی ناکامی کو واضح کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ تفتان بارڈر پر بد انتظامی اس کی ایک واضح مثال ہے جس کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس نے پنجے گاڑ لیے۔
I consider bringing politics into the national fight a sin. While we acknowledge & appreciate govt for good work, it is equally important to highlight the failures. Taftan is one such example of bad management that caused increased COVID-19 footprint in Pakistan #PresserCOVID19
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) March 24, 2020
قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے آج ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس بھی کی جس کے دوران انہوں نے کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
جیلوں میں کورونا وائرس کے خلاف اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم موجودہ حالات میں کوئی تقسیم کی بات نہیں کرنا چاہتے۔ تمام سیاسی رہنما ملک کیلئے فوری لاک ڈاؤن کا فیصلہ چاہتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 10 ہزار سیفٹی کٹس ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے حوالے کرے گی۔ یہ غریب عوام کے لیے سخت پریشانی کا وقت ہے۔ انہوں نے حکومت سے غریب عوام کی امداد کے لیے پلان لانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ضروری ہے۔ 70 سے 80 روپے کم کرنے کی تجویز دیتا ہوں۔ یقین رکھتا ہوں کہ کورونا وائرس کے بحران سے قوم جلد نکلے گی۔