جارجینا روڈریگز کی پُر تعیش دستاویزی سیریز ’آئی ایم جارجینا‘ جس میں اُن کی ذاتی و پیشہ ورانہ زندگی کی جھلک پیش کی جاتی تھی، بے پناہ مقبولیت اور تجارتی کامیابی کے باوجود چوتھے سیزن کے لیے تجدید نہیں کی جائے گی۔
تین سیزنز کے دوران جارجینا نے لگ بھگ 22 ملین پاؤنڈ (30 ملین ڈالر) کمائے جو فیشن اور ماڈلنگ کے شعبے سے ہٹ کر اُن کا سب سے منافع بخش منصوبہ ثابت ہوا۔
صرف پہلے سیزن نے ہی 46 ممالک میں نیٹ فلکس کے ٹاپ 10 چارٹ میں جگہ بنائی جس کے بعد اس کی گرمجوش پذیرائی دیکھتے ہوئے دو مزید سیزنز کی منظوری دی گئی۔
اس شو کے ذریعے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرِسٹِیانو رونالڈو کی ساتھی جارجینا نے مداحوں کو اپنی زندگی کے اہم پہلوؤں سے آگاہ کیا۔
جارجینا نے اسے اپنی زندگی کا سب سے اہم پیشہ ورانہ تجربہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے بہت محنت کی گئی تاہم اُن کا کہنا ہے کہ فی الحال شو کو جاری رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
وگ عربیہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جارجینا نے کہاکہ یہ ریئلٹی شو میرے لیے سب سے اہم پیشہ ورانہ تجربات میں سے ایک تھا اور میں اس کے لیے بے حد پُرجوش تھی۔
یہ ایک بہت بڑا پروجیکٹ تھا جس نے بے حد محنت کا تقاضا کیا۔ میرے خیال میں اس نے دنیا کو ’اصل جارجینا‘ دکھانے کا موقع دیا۔
سیریز کی کامیابی نے جارجینا کو ایک کامیاب کاروباری شخصیت کے طور پر بھی متعارف کرایا۔ انسٹاگرام پر اُن کے 6 کروڑ 30 لاکھ فالوورز ہیں جن کے ذریعے وہ مختلف برانڈز کے ساتھ اشتہاری معاہدے کرتی ہیں۔
دریں اثنا سعودی کلب النصر سے 2023 سے منسلک اسٹار فٹبالر کرِسٹِیانو رونالڈو اور جارجینا اپنے پانچ بچوں کے ساتھ سعودی عرب میں رہائش پذیر ہیں۔