جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا منتخب میئر ہی کراچی میں امن اور اس کی روشنیاں بحال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، حکومتی پارٹی کے اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے غیر آئینی و غیر جمہوری اقدامات افسوسناک ہیں۔
کراچی کے عوام نے سب سے زیادہ ووٹ جماعت اسلامی کو دیئے ہیں، جو کہ ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے، اس لئے عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:
کیا بپر جوائے 1999 کے خطرناک طوفان کا ایکشن ری پلے ہے؟
اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ جماعت اسلامی کوئی بھی غیر آئینی و غیر جمہوری راستہ اختیار نہیں کرے گی، بلکہ آئین و دستور اور جمہوری روایات کے مطابق حکومت کے ہر تاخیری حربے کا مقابلہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نہ صرف کراچی بلکہ پورے سندھ کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پورے سندھ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب کروائے جا رہے ہیں، جبکہ کراچی میں جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن اکیلا ان کے سامنے چٹان کی طرح کھڑا ہوا ہے، ان شاء اللہ فتح حق کی ہوگی۔