شہرِ قائد میں غیرت کے نام پر خاتون کی ناک کاٹنے کے الزام میں شوہر کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ انسانیت سوز جرم میں شریک ملزم کے بھائیوں کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق افسوسناک جرم کا یہ واقعہ کراچی کے علاقے منگھوپیر میں پیش آیا جہاں غیرت کے نام پر شوہر اور 2 بھائیوں نے خاتون کی ناک کاٹ کر الگ کردی۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کے شوہر اسماعیل کو گرفتار کر لیا۔
حکومت نے 9مئی واقعات پر ایک اور جے آئی ٹی تشکیل دے دی
ملزم اسماعیل کے جرم میں اس کا ساتھ دینے والے بھائیوں خمیسہ اور لقمان کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے بھائیوں نے جرم میں اس کا ساتھ دیا اور خاتون کی ناک کاٹنے میں اس کی مدد کی۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو خاتون کے کردار پر شک تھا جبکہ خاتون کے ایک دیور نے واقعے کے بعد متاثرہ خاتون کے والد کو فون کرکے اطلاع دی۔ بعد ازاں والد کے پہنچنے پر کاغذ میں لپٹی ہوئی ناک ان کے حوالے کردی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر خاتون کے والد نے تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم سے واقعے پر مزید تفتیش جاری ہے جبکہ شریک ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جائیں گے۔