کراچی: مشہورومعروف اداکار اور فلمساز ہمایوں سعید کی 50ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے اور اس موقعے پر مداح ان کے شوبز کیرئیر کے کارناموں کو یاد کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہمایوں سعید نے زندگی کی 50بہاریں دیکھ لیں اور اس موقعے پر ان کے دوست اور مداح انہیں محبت بھرے پیغامات اور نیک تمناؤں سے بھرپور تہنیتی پیغامات ارسال کر رہے ہیں۔
فلم پنجاب نہیں جاؤں گی سے لے کر ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو میں عائزہ خان اور عدنان صدیقی کے ہمراہ فنی صلاحیتوں کے مظاہرے تک ہمایوں سعید نے ثابت کیا کہ اداکاری میں ان کا کوئی جواب نہیں۔
بن روئے میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے فنکار، اداکار اور فلمساز ہمایوں سعید کا اب تک کا شوبز کیرئیر متعدد کارناموں اور اعزازات سے بھرپور ہے جس کی تفصیلات پر ان کی 50ویں سالگرہ کے موقعے پر نظر ڈالنا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا۔
ترک ستاروں کے ساتھ کام
مشہورومعروف اداکار اور فلم ساز ہمایوں سعید نے حال ہی میں تصدیق کی ہے کہ وہ ترک ستاروں کے ہمراہ مشترکہ اداکاری کے کام کا آغاز کریں گے جو ترکی کے ہمراہ پاکستان کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہوگا۔
کثیر فنی صلاحیتوں کا حامل فنکار
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہمایوں سعید نے نہ صرف اپنی اداکاری کی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور لوگ ان کے فن کے اعتراف پر مجبور ہوئے بلکہ انہوں نے اچھے پروڈیوسر کی حیثیت سے بھی کام کیا اور آج کل ان کی ملکیت میں ایک نہیں بلکہ 2 پروڈکشن ہاؤسز ہیں۔
تمغہ برائے حسنِ کارکردگی
اپنی اداکاری کے بل بوتے پر ہمایوں سعید رواں برس پرائڈ آف پرفارمنس یعنی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی بھی حاصل کرچکے ہیں جو ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔
بین الاقوامی سطح پر کام
آج سے 6 سال قبل 2015 میں ہمایوں سعید نے پاکستان اچیومنٹ ایوارڈز یوکے اور یورپ میں الگ الگ اعترافِ خدمات ایوارڈز وصول کیے۔
فلمی دنیا میں فن کا مظاہرہ
جن فلموں میں ہمایوں سعید مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوتے ہیں، وہ ہٹ ہوتی ہیں اور فلمسازوں کی چاندی ہوجاتی ہے۔ جوانی پھر نہیں آنی کیلئے ہمایوں سعید کو بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: دل نا اُمید تو نہیں کی آخری قسط، پیغام نے مداحوں کے دل جیت لیے