پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے اداکاری کے میدان میں انٹری کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں داخلے سے قبل کافی جدوجہد کرنی پڑی۔
تفصیلات کے مطابق لندن نہیں جاؤں گا کی کامیابی کے متعلق اپنے ایک بیان میں ہمایوں سعید نے کہا کہ میرے لیے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنا کوئی آسان کام نہیں تھا جس کیلئے میں نے کافی جدوجہد کی۔
بیان میں اداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ مجھے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے سے قبل دھوکہ دہی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ایک بار ایک شخص نے پیشکش کی کہ اگر میں ٹی وی سیریل کیلئے ڈیرھ لاکھ دے دوں تو وہ مجھے ہیرو بنا دے گا۔
معروف اداکار نے کہا کہ میں نے اپنے ایک دوست سے رقم ادھار لی اور پھر ڈرامہ بنانے والے نے مزید رقم مانگی جس کا میں نے پھر بندوبست کر لیا تاہم اس سے جو ٹی وی سیریل بنا اس میں کام اچھا نہیں ہوا۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ جب ڈرامے کی ایڈیٹنگ ہورہی تھی تو مقبول پروڈیوسر تسنیم اسلم نے اسے دیکھتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ تو بہت برا ہے لیکن لگتا ہے کہ آپ نے کچھ بہتر اداکاری کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تسنیم اسلم سے ملاقات کے بعد مجھے یہ جہاں نامی پراجیکٹ میں کام کا موقع ملا۔ واضح رہے کہ ہمایوں سعید کا شمار پاکستانی شوبز انڈسٹری کے منجھے ہوئے اداکاروں میں کیاجاتا ہے۔