اسلام آباد: انسانی حقوق کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر صاف و شفاف الیکشن سے متعلق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے بیان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ عمران خان اور جیل میں بند پی ٹی آئی کارکنان کے بغیر بھی شفاف انتخابات کے متعلق نگران وزیر اعظم کا بیان غیر جمہوری ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی تردید
بیان میں ایچ آر سی پی کا کہنا ہے کہ انوار الحق کاکڑ کا بیان غلط فیصلے پر مبنی ہے، پارٹی رہنماؤں کے خلاف عدالت میں زیرِ سماعت مقدمات پر مجرم قرار دینا عدالت کا کام ہے اور منصفانہ انتخاب کا فیصلہ بھی ان کو نہیں کرنا چاہئے۔
ایچ آر سی پی کا کہنا ہے کہ منصفانہ الیکشن کیا ہے؟ اس کا فیصلہ نگران وزیر اعظم یا ان کی حکومت کا کام نہیں۔ پی ٹی آئی قیادت کو وسیع پیمانے پر گرفتاریاں اور پھر رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاریاں کرکے منظم طریقے سے ختم کیا گیا۔
انسانی حقوق کمیشن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو پارٹی سے زبردستی علیحدہ کیا گیا۔ سیاسی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف متعدد مقدمات داخل کیے گئے، اظہارِ رائیے اور اجتماع کی آزادی پر قدغن لگائی گئی جو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ ہم پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے ساتھ ناروا سلوک کی بھی مذمت کرتے ہیں جن کو ہائی کورٹ کی ہدایات کے باوجود متعدد بار گرفتار کیا جاچکا ہے۔