شمال افریقی ملک مراکش کے کشتی حادثے میں جاں بحق 13افراد کا تعلق پاکستان سے ہے، یہ ثابت کرنے کیلئے تیرہ لاشوں کی شناخت کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع نے تصدیق کردی۔
مراکش میں افسوسناک کشتی حادثے کے نتیجے میں انتقال کر جانے والے 13 افراد کا تعلق پاکستان سے ثابت ہوا ہے۔ کشتی حادثہ گزشتہ ماہ 15 جنوری کو ہوا، جسے آج 20روز مکمل ہونے والے ہیں۔ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کا سفارتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ لاشیں ناقابلِ شناخت اور دستاویزات سے محروم تھیں۔
رپورٹ کے مطابق میتوں کی شناخت کیلئے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی خدمات حاصل کی گئیں، جاں بحق افراد کی تصاویر اور فنگر پرنٹس نادرا کو ارسال کیے گئے جس نے تصدیق کے بعد جاں بحق افراد کی شناخت کرتے ہوئے ان کی فہرستیں مرتب کیں۔ جاں بحق افراد موریطانیہ سے غیر قانونی طور پر اسپین جارہے تھے جب حادثہ پیش آیا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ بدقسمت مسافر غیر قانونی طریقے سے اسپین سے براستہ سینیگال اسپین جانے کی کوشش کرتے ہوئے جانیں گنوا دیں۔ پاکستانی ایجنٹوں سے ان کے معاملات 16 سے 25 لاکھ روپے فی کس میں طے ہوئے تھے۔ کشتی میں زندہ بچ جانے والے 22 پاکستانیوں نے ڈی پورٹ ہو کر واپس آنے کے بعد حکام کو اپنے ایجنٹوں کے نام اور ثبوت دے کر ایک ایجنٹ کو گرفتار کروا دیا تھا۔