گوگل نے پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت کیلئے ”گوگل والٹ“ متعارف کرادی ہے۔
گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی کا کہنا ہے کہ گوگل والٹ صارفین کو محفوظ، آسان اور مفید ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ساتھ ساتھ بورڈنگ پاسز، لائلٹی کارڈز، اہم اشیاء کی رسائی، اور دیگر کارڈز کو ذخیرہ کرنے کی سہولت فراہم کرے گی۔
خصوصیات
موقر معاصر ایکسپریس کے مطابق ویزا اور ماسٹر کارڈ کے حامل صارفین اپنے بینک کارڈز کو گوگل والٹ میں شامل کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت ڈیجیٹل بینکنگ اور الیکٹرانک ادائیگیوں کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
گوگل والٹ کا آغاز پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس سے صارفین کو محفوظ اور تیز تر ادائیگی کا موقع ملے گا۔
پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور جیسے جیسے مزید لوگ ڈیجیٹل لین دین کو اپنا رہے ہیں، گوگل والٹ ایک محفوظ، آسان اور مؤثر طریقہ فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے صارفین ادائیگیاں کر سکتے ہیں، خریداری کر سکتے ہیں اور سفر کو مزید آسان بنا سکتے ہیں۔
یہ سروس کتنی محفوظ ہے؟
گوگل والٹ کریڈٹ یا ڈیبیٹ کارڈ کو استعمال کرنے کے مقابلے میں زیادہ محفوظ سروس ہے۔
اس کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیاں انکرپٹڈ ہوتی ہیں یعنی ہر خریداری پر سروس کی جانب سے ایک منفرد کوڈ استعمال کرکے پیمنٹ انفارمیشن بھیجی جاتی ہے۔
اگر کوئی اس ڈیٹا تک رسائی حاصل کرلے تو بھی وہ اس کے کسی کام کا نہیں ہوتا کیونکہ اس میں ڈیبیٹ یا کریڈٹ کی تفصیلات موجود نہیں ہوتیں۔
اس کے ذریعے صارفین اپنے اسمارٹ فونز سے کانٹیکٹ لیس پیمنٹ کرسکتے ہیں یعنی اپنے ساتھ کارڈ رکھنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے ان کے کھونے یا چوری ہونے کا خطرہ بھی نہیں ہوتا۔
طریقہ استعمال
اسے استعمال کرنے کے لیے گوگل والٹ ایپ کو انسٹال کرنا ہوگا۔ ایپ کو انسٹال کرنے کے بعد آپ کو گوگل اکاؤنٹ پر لاگ ان ہونا ہوگا اور پھر ادائیگی کے طریقے جیسے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کو ایڈ کرنا ہوگا۔
جب آپ اپنے اکاؤنٹ میں کم از کم ایک کارڈ ایڈ کرلیں تو آپ گوگل والٹ کے ذریعے اسٹورز میں موبائل پیمنٹس کرسکیں گے۔