ایک بارجب آپ اپنی بنیادی ملازمت ترک کرکے اپنا سارا وقت اپنے آن لائن اسٹور بنانے میں لگا دیتے ہیں تو آپ کو جلد دولت مند بننے والوں میں شمار کیا جاسکتا ہے۔
یہ الفاظ عام طور پر انٹرنیٹ پرموجود ان گنت اشتہاروں میں دیکھنے اور سننے کو ملے گا۔ ایسے اشتہارات میں مشتہرین سادہ لوح لوگوں کو الفاظ کے گورکھ دھندے میں الجھا کرانہیں دنوں کے اندر کروڑپتی بننے کا خواب دکھاتے ہیں۔
ممکن ہے خوشنما الفاظ پر مشتمل پروموشنل اشتہارات آپ نے کسی جگہ پڑھے یا سوشل میڈیا پر دیکھے ہوں گے۔ ایسی مالی ترغیبات کے تناظرمیں ہوسکتا ہے کہ کچھ لوگ فائدے میں رہے ہوں مگر کتنے ہی لوگ ایسے ہوں گے جو عجلت، تجربے کی کمی اور لالچ میں اپنی جمع پونجی سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہوں۔
خاص طور پرای کامرس کے شعبے میں ایسے اشتہارات معمول کی بات ہے جو جز وقتی کام کے بدلے مختصر وقت میں دولت مند بننے کا جھوٹا خواب بیچتے ہیں۔
جلدی امیر ہونے کی خواہش
العربیہ کے مطابق محققین اور ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا سائٹس پر ای کامرس میں کام کرنے کے نتیجے میں “جلد امیر بننے” کی تشہیر کرنا ایک “فریب” کے سوا کچھ نہیں ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان میں سے کچھ لوگ صرف اپنے کورسز بیچنے اور لوگوں کو جھوٹے خیالوں میں الجھا کر اپنا الو سیدھا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ماہرین نے اشارہ کیا کہ جو لوگ ای کامرس میں کام کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں ان میں سے زیادہ تر کچھ وقت گزرنے کے بعد بھاری نقصان اٹھاتے ہیں تاہم ان کے نقصان کی وجہ جلد بازی، جذباتیت اور منصوبہ بندی کا فقدان ہوتا ہے۔
سعودی عرب ای کامرس کے شعبے میں سب سے زیادہ ترقی کرنے والے 10 ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔ اس نے پچھلے سال کی آخری سہ ماہی کے اختتام تک اس شعبے کے موجودہ ریکارڈز میں تقریباً 24 فیصد کی ترقی کی تھی۔
ایک سعودی کاروباری شخصیت مازن الضراب کا خیال ہے کہ سوشل میڈیا سائٹس ایسے اکاؤنٹس سے بھری ہوئی ہیں جو تیزی سے امیر ہونے کے خیال کی تشہیرکرتی ہیں۔ مثال کے طور پرکچھ لوگ آن لائن ٹولز یا فائلوں کو ڈاؤن لوڈ کرکے پیسہ کمانے کا خواب دکھاتے ہیں۔ کچھ “ڈراپ شپنگ” کے ذریعے مارکیٹنگ کرکے تگڑا کمیشن کمانے کا خیال پیش کرتے ہیں۔
جولوگ یہ کہتے ہیں کہ ای کامرس سے جلد امیر بننے کی راہ ہموار ہوتی ہے وہ دراصل عوام کو جھوٹے سبز باغ دکھاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ای کامرس بنیادی طور پر ایک تجارت ہے، چاہے یہ ڈیجیٹل ہی کیوں نہ ہو، کیونکہ اس کے لیے پائیدار ترقی، کوشش اور کاروبار کی بنیادی باتوں اور پروجیکٹ کی ضروری واقفیت ناگزیر ہے۔ یہ مسلسل سیکھنے کا کام ہے اور مارکیٹ کا علم ہونا بھی ضروری ہے۔ اس لیے یہ کام اتنا آسان نہیں۔