اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ یکم رمضان المبارک 1445 ہجری کو بینکوں کی چھٹی ہوگی، ساتھ ہی حکومت نے زکوٰۃ کا سرکاری نصاب بھی جاری کر دیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق یکم رمضان کو بینکس عوامی لین دین کے لیے بند رہیں گے کیونکہ اس دن کو زکوٰۃ کی کٹوتی کے لیے “بینک تعطیل” قرار دیا گیا ہے۔
بینک ہالیڈے کو تمام بینک، ترقیاتی مالی ادارے، مائکرو فنانس بینک مذکورہ تاریخ پر عوام کے ساتھ کوئی لین دین نہیں کریں گے۔
بینکوں، ترقیاتی مالی اداروں، مائکرو فنانس بینکوں کے تمام ملازمین معمول کے مطابق کام کے لیے (ماسوائے عوام سے لین دین) دفتر میں حاضر ہوں گے۔
زکوٰۃ کا سرکاری نصاب
وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ نے 2024 کے لیے زکوٰۃ کے نصاب کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، ایک لاکھ 35 ہزار 179 روپے یا اس سے زائد بیلنس کے سیونگ اکاؤنٹس پر زکوٰۃ لاگو ہوگی۔
وزارت نے وضاحت کی ہے کہ زکوٰۃ کی کٹوتی سیونگ اکاؤنٹ اور پرافٹ اینڈ لاس اکاؤنٹ پر کی جائے گی، اور یہ کٹوتی یکم رمضان کو کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایک لاکھ 35 ہزار 179 روپے سے کم بیلنس کے سیونگ کھاتوں سے زکوٰۃ نہیں کاٹی جائے گی۔