صحت مند زندگی کیلئے روزانہ کتنے گھنٹے سونا چاہئے؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

صحت مند زندگی
(فوٹو: میڈیکل نیوز)

صحت مند زندگی کیلئے نیند بہت ضروری ہے، تاہم یہ سوال اپنی جگہ بے حد اہم ہے کہ ہر روز انسان کو کتنے گھنٹے سونا چاہئے جس سے اس کی روزمرہ ضروریات بھی پوری ہوجائیں اور اسے کسی قسم کے جسمانی یا ذہنی مسائل کا سامنابھی نہ کرنا پڑے؟

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ  نیند کا دورانیہ نہ تو بہت زیادہ ہونا چاہئیے اور نہ ہی بہت کم ہونا چاہئیے، اس چیز کا کم ازکم درمیانی عمر اور بڑھاپے میں بہت زیادہ خیال رکھنا چاہئیے کیونکہ ادھیڑ عمر اور بڑھاپے میں انسانی دماغ کی قوتِ برداشت کم ہونے لگتی ہے۔

گزشتہ برس سامنے آنے والی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 7 گھنٹے کی نیند رات کے آرام کا مثالی دورانیہ ہے جبکہ ناکافی اور بہت زیادہ نیند سے توجہ مرکوز کرنے، یاد رکھنے، نئی چیزیں سیکھنے، مسائل حل کرنے اور فیصلے کرنے جیسی صلاحیتوں پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

پاکستان کے ہمسایہ ملک چین کی فوڈان یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی تحقیق میں بتایا گیا کہ 7 گھنٹے کی نیند ان افراد کی ذہنی صحت کو بھی بہتر بناتی ہے جو ڈپریشن اور اضطراب و تشویش (انزائٹی)  کا شکار ہوجاتے ہیں، ذہن کو نیند سے سکون ملتا ہے اور وہ بہتر فیصلے کرنے لگتا ہے۔

دوسری جانب ہر روز کم یا زیادہ وقت تک سونے کے عادی افراد زیادہ بدترعلامات کا شکار رہتے ہیں۔ تحقیقی ٹیم میں شامل فوڈان یونیورسٹی کے پروفیسر جیانفنگ فینگ نے کہا کہ تاحال ہم یہ کہنے کے قابل نہیں ہوئے کہ بہت کم یا بہت زیادہ نیند سے ذہنی امراض ہوجاتے ہیں۔

پروفیسر جیانفنگ فینگ نے کہا کہ “ہمارے تجزیے سے اس بات کا عندیہ ضرور ملتا ہے کہ کم یا بہت زیادہ نیند ذہنی پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی ہے۔” طویل المدتی سائنسی تحقیق میں 38 سے 73 سال کی عمر کے 5 لاکھ افراد سے سوال و جواب سے اہم نتائج اخذ کیے گئے۔

محققین نے تحقیق میں شامل افراد سے ان کی نیند کی عادات، ذہنی صحت اور شخصیت کے بارے میں پوچھا جبکہ مختلف ذہنی ٹیسٹوں کا حصہ بھی بنایا گیا۔48 ہزار 500 افراد کے دماغی اسکین ہوئے اور تمام ڈیٹا سے یہ جاننے میں آسانی ہوئی کہ نیند کا دورانیہ صحت کے کن پہلوؤں پر اثر انداز ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بہت کم یا زیادہ وقت تک نیند اور ذہنی مسائل کے مابین تعلق تو ثابت ہوگیا تاہم نیند کی وجوہات اور اثرات پرروشنی نہیں ڈالی گئی۔ نیند ہمارے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے اور 7 گھنٹے تک مسلسل نیند صحت کیلئے ایک مثالی عمل قرار دیا گیا ہے۔

Related Posts