پاکستان میں ایک سے زائد شادیوں کی اجازت ہے، جس کے باعث لوگ ایک سے زائد شادیاں بھی کرتے ہیں، تاہم اس رواج کو کتنا فالو کیا جاتا ہے، اس حوالے سے اب اعداد و شمار سامنے آگئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے ایک سروے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں 8 فیصد مرد مختلف وجوہات کی بنا پر ایک سے زیادہ شادیاں کرنے لگے ہیں۔
گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کی جانب سے کرائے گئے سروے میں شادی شدہ مردوں سے پوچھا گیا کہ کیا یہ آپ کی پہلی شادی ہے؟ اس سوال پر 92 فیصد لوگوں نے منفی ردعمل کا اظہار کیا جبکہ 8 فیصد نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ایک سے زائد شادیاں کی ہیں۔
زائد شادیوں کی وجہ کیا ہے؟
ملک بھر میں کیے گئے اس مطالعے میں اس رجحان کے پیچھے کی وجوہات کو سمجھنے کی کوشش کی گئی۔ ایک سے زیادہ شادیوں کی وجوہات کے بارے میں مزید تحقیق سے پتا چلا کہ 36 فیصد نے سابقہ شریک حیات کی موت کا حوالہ دیا جبکہ 33 فیصد نے کہا کہ مردوں کو 4 شادیاں کرنے کی مذہبی اجازت ہے۔
دیگر وجوہات میں طلاق (7 فیصد) اور خلع (بیوی کی جانب سے شروع کی گئی طلاق) (5 فیصد) شامل ہیں جبکہ 19 فیصد یا تو نہیں جانتے تھے یا جواب نہ دینے کا انتخاب کیا ہے۔
یہ سروے 7 جنوری سے 12 جنوری 2025 کے درمیان چاروں صوبوں کے شہری اور دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے 518 شادی شدہ مردوں کے ساتھ ٹیلی فونک انٹرویوز (سی اے ٹی آئی) کا استعمال کرتے ہوئے کیا گیا تھا۔