پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسلا دھار بارش اور اربن فلڈنگ سے شہریوں کا برا حال ہے۔ جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا، عوام نے لاہور کے متاثرہ علاقوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈال دیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کو مون سون کا ہیوی اسپیل لے ڈوبا، ملک کے دیگر شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پنجاب کے دارالحکومت میں موسلا دھار بارش سے سڑکیں، گلیاں اور محلے ندی نالے اور تالاب بن گئے۔
شدید بارش کے نتیجے میں جیل روڈ انڈر پاس پانی سے بھر گیا۔ نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ دفاتر جانے والے شہریوں کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلز بارش کے پانی میں پھنس کر بند ہوگئیں۔ گجومتہ میں گھر کی چھت گرنے سے 1بچی جاں بحق جبکہ 5افراد زخمی ہوگئے تھے۔
موسلا دھار بارش کے باعث لاہور میں ڈی سی آفس کی دیوار گر گئی۔ لاہور میں سب سے زیادہ بارش ائیرپورٹ پر 337 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔ نشتر ٹاؤن میں 250، جوہر ٹاؤن میں 220 ملی میٹر تک بارش ہوئی۔
مختلف علاقوں میں شدید بارش نے لاہور میں بارش کا 44سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا، گھروں میں داخل ہوگیا اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ عوام کو آمدورفت میں کڑی مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت بھی بارش کے باعث مشکلات میں گھرے ہوئے عوام کی مدد کیلئے کمربستہ ہوگئی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ متعدد علاقوں میں پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور مختلف علاقوں میں مزید کام جاری ہے۔