’ کانٹا لگا‘ گانے سے مشہور بھارتی اداکارہ و ماڈل شیفالی جریوالا کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی۔
شیفالی جریوالا گزشتہ ہفتے اچانک 42 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں ۔ 27 جون کو شیفالی کو ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دیا۔
بھارتی میڈیا نے بتایاکہ اداکارہ کی موت کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس نے ان کے گھر سے متعدد قسم کی ادویات بھی تحویل میں لی ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے اداکارہ کی موت کی تحقیقات جاری ہیں اور پولیس نے زہرخوارنی کے زاویے سے بھی تفتیش کی جبکہ پولیس اب تک 14 افراد کے بیانات ریکارڈ کرچکی ہے جس میں اداکارہ کے شوہر، خاندان کے افراد، اسٹاف اور قریبی دوست شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 5 رکنی میڈیکل ٹیم نے اداکارہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کی جسے باقاعدہ کل جاری کیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ پوسٹ مارٹم میں بلڈپریشر میں تیزی سے کمی اور ہارٹ اٹیک کو موت کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شیفالی باقاعدگی سے خالی پیٹ اینٹی ایجنگ انجیکشن لیتی تھیں، مرنے سے قبل دوپہر کے وقت بھی شیفالی نے اپنا اینٹی ایجنگ انجیکشن لیا تھا۔ وہ فٹ اور کم عمر دکھنے کیلئے ٹریٹمنٹ اور میڈیسن لے رہی تھیں۔