غزہ کے مظلوموں کو اپنی زکوٰۃ آپ کیسے پہنچا سکتے ہیں؟

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کئی پاکستانی ادارے کام کر رہے ہیں، فوٹو الجزیرہ

اسرائیل نے غزہ پر ایک بار پھر جارحیت اور ظلم و سفاکیت کا آغاز کردیا ہے، منگل کی رات شروع ہونے والی بدترین بمباری منگل کیی شام بھی جاری ہے اور اس میں اب تک چھ ماہ کی عطیہ درویش سمیت درجنوں معصوم بچے اور بچیاں بھی موت کی آغوش میں چلی گئی ہیں۔

اس صورتحال میں جہاں پوری دنیا اسرائیل کی اس بدترین بربریت کا صرف تماشا دیکھ رہی ہے، دنیا بھر کے مسلمان انفرادی طور پر اہل غزہ کی مشکلات میں کسی حد تک کمی کیلئے امداد کا راستہ اختیار کر رہے ہیں۔

دنیا بھر میں اس سلسلے میں امداد جمع کی جا رہی ہے، پاکستان میں بھی غزہ کے ستم رسیدہ مسلمانوں کی مدد و نصرت کیلئے زکوٰۃ اکٹھی کی جا رہی ہے۔ آئیے اس حوالے سے مختلف ذرائع کا ذکر کر دیتے ہیں۔

وزیر اعظم کا ریلیف فنڈ

غزہ پر جارحیت کے آغاز سے ہی دنیا بھر کے مسلم ممالک کی طرح حکومت پاکستان نے بھی سرکاری سطح پر اہل فلسطین اور اہل غزہ کی امداد کا سلسلہ شروع کیا۔

حکومت پاکستان نے اس ضمن میں سب سے پہلے وزیر اعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ قائم کیا۔ پہلی جنگ بندی کے بعد جب امدادی کاموں کا آغاز ہوا تو پاکستان کی طرف سے امداد کی کئی کھیپیں روانہ کی گئیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ میں بینک اکاؤنٹس اور آن لائن طریقوں سے اپنا حصہ شامل کیا جا سکتا ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن

پاکستان کی معروف فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن، غزہ کے متاثرین کی امداد میں پیش پیش ہے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن نے عالمی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ امدادی سامان اور مالی امداد غزہ کے مستحقین تک پہنچائی جا سکے۔

الخدمت فاؤنڈیشن نے ترکی کی تنظیموں جیسے آئی ایچ ایچ ہیومینیٹیرین ریلیف فاؤنڈیشن، حیرت فاؤنڈیشن اور کینسو ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ عطیات جمع کرنے کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ اور دفاتر دستیاب ہیں۔

پاکستانی صحافی ضیاء چترالی

غزہ کے حوالے سے پاکستان کے معروف صحافی اور عرب امور کے تجزیہ کار ضیاء چترالی انفرادی سطح پر کئی جہتوں سے کام کر رہے ہیں۔

ضیاء چترالی جہاں غزہ سے براہ راست اپنے ذرائع سے مستند اور مکمل خبریں فراہم کرتے ہیں اور انہوں  نے سات اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک اس محاذ پر تنہا کئی اداروں کا کام کیا ہے، وہاں وہ اہل غزہ تک براہ راست امداد بھی پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں۔

ضیاء چترالی حال ہی میں ہیئت علماء لنصرۃ فلسطین (فلسطین کی مدد کیلئے قائم عالمی علماء کونسل) کی دعوت پر ترکیہ کا دورہ کرکے آئے ہیں۔

ضیاء چترالی ترکیہ اور شامی رضاکار علماء کی مختلف تنظیموں کےذریعے براہ راست غزہ میں امداد بھجواتے ہیں۔ اہل غزہ کو اپنی زکوۃ پہنچانے کا ضیاء چترالی بھی مستند ذریعہ ہیں، ان سے فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ضیاء چترالی ایم ایم نیوز کیلئے فیچرز اور کالم بھی لکھتے ہیں۔

دار العلوم کراچی

پاکستان کی موقر دینی درسگاہ جامعہ دار العلوم کراچی بھی اہل غزہ کیلئے امداد اکٹھی کرتی ہے۔  صدر دار العلوم مولانا مفتی تقی عثمانی کی کوششوں سے غزہ کے مسلمانوں سے تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔

دار العلوم کے ذریعے زکوٰۃ غزہ کے فنڈ میں جمع کرنے کیلئے دار العلوم کراچی کی ویب سائٹ اور ان کے دفتر سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ درج ذیل فوٹو گراف میں بھی ذرائع کا حوالہ موجود ہے۔

دیگر بین الاقوامی تنظیمیں

پاکستانی عوام بین الاقوامی تنظیموں کے ذریعے بھی غزہ کے متاثرین کی مدد کر سکتے ہیں:

  • ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز: یہ تنظیم 20 سال سے زائد عرصے سے غزہ میں طبی امداد فراہم کر رہی ہے اور اس وقت وہاں 300 افراد پر مشتمل ٹیم موجود ہے۔ عطیات ان کی ویب سائٹ کے ذریعے دیے جا سکتے ہیں۔

  • اسلامک ریلیف ورلڈ وائڈ: یہ برطانیہ میں قائم ایک انسانی اور ترقیاتی ادارہ ہے جو 1997 سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں امداد فراہم کر رہا ہے۔ عطیات ان کی ویب سائٹ کے ذریعے قبول کیے جاتے ہیں۔

حکومتی اقدامات

پاکستانی حکومت بھی غزہ کے عوام کی مدد کے لیے سرگرم ہے۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق، پاکستان نے غزہ کے لیے 350 ٹن امدادی سامان کی ساتویں کھیپ مصر کے ذریعے روانہ کی ہے، جس میں خوراک، ادویات، حفظان صحت کی کٹس، کمبل اور خیمے شامل ہیں۔

Related Posts