کراچی میں ایک ہسپتال کے باہر ڈاکو نے راہ چلتی خاتون کو لوٹ لیا، واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ہے جس میں خاتون کو لٹتے دیکھا جاسکتا ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں واقع مشہورومعروف دارالصحت ہسپتال کے باہر پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار ڈاکو نے خاتون سے موبائل فون چھین لیا جبکہ خاتون اپنے شوہر کے ساتھ پیدل جارہی تھی۔
رپورٹ کے مطابق دارالصحت ہسپتال کے قریب پیش آنے والے واقعے میں موٹر سائیکل سوار شخص نے سر پر ہیلمٹ پہن رکھا تھا، ملزم نے خاتون سے موبائل فون چھیننے کے بعد موٹر سائیکل بھگائی اور بڑی آسانی سے جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔ ملزم کو گرفتار نہیں کیاجاسکا۔
(سی سی ٹی وی فوٹیج، بشکریہ ایکسپریس نیوز)
گلستانِ جوہر پولیس کاکہنا ہے کہ راہ چلتی خاتون سے ڈکیتی کا واقعہ افسوسناک ہے، ڈاکو کی گرفتاری کیلئے کوشش جاری ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی مدد لی جارہی ہے۔ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ شہرِ قائد میں اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہورہا ہے، عوام کی بڑی تعداد موٹر سائیکل سوار اور کار سوار لٹیروں سے عاجز آگئی ہے، بعض اوقات کسی ڈاکو کو پکڑ لیا جاتا ہے تو شہری اسے پولیس کے حوالے کرنے کی بجائے آگ لگا دیتے ہیں۔