پاکستان کے 7 ہونہار نوجوانوں نے فوربزکی 30 انڈر 30ایشیاء کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے جن کا کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے مختلف شعبہ جات میں انتہائی مختصر مدت میں نمایاں مقام پیدا کیا۔
نجی ٹی وی (ڈان نیوز) کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ مشہور امریکی اقتصادی جریدے فوربز نے مختلف خطوں کے 30 سالہ یا اس سے کم عمر افراد کی فہرست جاری کی ہے جس میں کھیل، میڈیا مارکیٹنگ، شوبز، ریٹیل ای کامرس اور دیگر شعبہ جات کو شامل کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فوربز کی جاری کردہ ہر فہرست میں 300 افراد شامل ہیں جن کی عمریں 30 سال یا اس سے کم ہیں اور انہوں نے انتہائی مختصر مدت میں نام پیدا کر لیا۔ فہرست میں ملائشیا، مصر، لبنان، جنوبی کوریا، بھارت اور بنگلہ دیش کے علاوہ پاکستان نے بھی جگہ بنا لی۔
فوربز کی جاری کردہ فہرست میں 7 پاکستانی لڑکے اورلڑکیاں بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے جن میں فن ٹیک کمپنی “ابھی” کے بانی سرخیل باوانی، لنک اسٹار کے عدیل عابد، اعزاز نیر اور علی رضا، ایجوفائی کی علینہ ندیم، ٹرکر کی کاسرا زونیئر اور آرٹسٹ بشریٰ سلطان کے نام شامل ہیں۔
کس کا نام کیوں شامل کیا گیا؟
فلمساز اور کرئیٹو ڈائریکٹر بشریٰ سلطان نے حال ہی میں یہ تصویر کشی کی کہ دلہنوں کو کٹھ پتلیوں کی طرح کس طرح کنٹرول کیا جاتا ہے۔ ان کی مہم گڑیا سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہوئی جسے صارفین نے بے حد سراہا ہے۔
علینہ ندیم لاہور میں ایجوفائی نامی ایجوکیشن اسٹارٹ اپ کی بانی ہیں جو طلبہ و طالبات کی تعلیمی اخراجات میں مدد کرنے کیلئے اقدامات اٹھاتا ہے۔
سرخیل باوانی کی کمپنی “ابھی” ملازمت پیشہ افراد کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے تحت اپنی تنخواہ کا کچھ حصہ مہینے کے اختتام سے قبل نکالنے کی اجازت دیتی ہے۔
کاسرا زونیئر لاجسٹک سیکٹر کیلئے ایک انتظامیہ پلیٹ فارم ٹرکر کے بانی ہیں جس کے تیار کردہ انتظامی پلیٹ فارم نے گزشتہ برس سیڈ فنڈنگ کے ذریعے 64 لاکھ ڈالرز اکٹھے کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا۔
شہرِ قائد کے اعزاز نیئر، عدیل عابد اور علی رضا لنک اسٹار کے شریک بانی ہیں جن کو فوربز کی کنزیومر ٹیکنالوجی کی کیٹگری میں شامل کر لیا گیا جبکہ لنک اسٹارکے ذریعے فری لانسرز کو مفت پورٹ فولیو ویب سائٹس بنانے میں مدد دی جاتی ہے۔

گزشتہ برس لنک اسٹار کے بانی دبئی میں واقع کیرئیر مارکیٹ تک رسائی حاصل کرکے اپنے کاروبار کو مزید فروغ دینے میں کامیاب رہے جبکہ اولیو کمپنیوں کو طلبہ کی بیروزگاری کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔