لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین شعیب ملک نے امید ظاہر کی ہے کہ بابر اعظم کی طرح دوسرے کھلاڑی بھی کرکٹ میچز کے دوران اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹر شعیب ملک نے کہا کہ مجھے بنگلہ دیش کے خلاف کرکٹ سیریز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ فی الحال ورلڈ کپ دور ہے، اس لیے اس کا نہیں سوچا۔
مخالف کرکٹ ٹیم پر تبصرہ کرتے ہوئے کرکٹر شعیب ملک نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کو مضبوط سمجھتا ہوں، میری کوشش ہوگی کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔ ضروری نہیں کارکردگی صرف کپتان کے طور پر دکھائی جائے۔
ذاتی رویے کے حوالے سے شعیب ملک نے کہا کہ میں انسان ہوں۔ کبھی کبھی مجھے بھی غصہ آجاتا ہے، پھر بھی میری کوشش ہوتی ہے کہ ہمیشہ مثبت کرکٹ کھیلوں۔ کھلاڑیوں کی توجہ میچ جیتنے پر ہونی چاہئے۔
کرکٹر شعیب ملک نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں میری کارکردگی ہمیشہ سے اچھی رہی۔ بنگلہ دیش کی بہترین ٹیم پاکستان آ رہی ہے۔ امید ہے بابراعظم کی طرح دیگر کھلاڑی بھی اچھا کھیل پیش کریں گے۔