قیصریہ: لبنان کی مسلح مزاحمتی تحریک حزب اللہ کی طرف سے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر مبینہ ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کا سعودی میڈیا رپورٹس کے حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کی ذاتی رہائش گاہ پر ڈرون حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ غیر مصدقہ اطلاعات سے پتہ چلتا ہے کہ حزب اللہ نے اسرائیلی شہر قیصریہ میں وزیراعظم نیتن یاہو پر حملہ کیا۔
لبنانی تنظیم حزب اللہ نے قیصریہ میں فائر کیے گئے راکٹ کی مدد سے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی ذاتی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اطلاعات میں بھی کہا گیا کہ حزب اللہ کے راکٹ حملے میں جو عمارت نشانہ بنی، وہ اسرائیلی وزیراعظم کی رہائش گاہ ہے۔
تاہم حزب اللہ کے حملے میں کوئی جانی نقصان ہوا ہے یا نہیں، اس کی اطلاع سامنے نہیں آسکی اور نہ ہی اس کی تصدیق ہوئی کہ حملے کے وقت بنجمن نیتن یاہو اپنی رہائش گاہ پر موجود تھے۔ اسرائیلی وزیراعظم کے آفس نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے وقت وزیراعظم گھر پر موجود نہیں تھے۔
وزیراعظم آفس کا مزید کہنا ہے کہ حملے کے وقت نیتن یاہو کے علاوہ ان کے اہلِ خانہ بھی گھر پر موجود نہیں تھے۔ سعودی ٹی وی چینل الہدات کا بھی یہی کہنا ہے کہ حزب اللہ نے لبنان سے کیے گئے ڈرون حملے میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا ہے۔