سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا پاکستان پر حملہ ہمسایہ ملک کی تنہائی اور بوکھلاہٹ کا مظہر ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے نجی ٹی وی پروگرام کے دوران کہا کہ بلوچستان میں ایران نے جس قسم کا حملہ کیا، وہ ایران کی بوکھلاہٹ اور تنہائی کو ظاہر کرتا ہے جبکہ ہمسایہ ملک دنیا میں پہلے ہی تنہائی کا شکار ہے۔
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایران کی مدد کرتا رہا ہے۔ ایران کا غیر منطقی، غیر قانونی، غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز حملہ ہمسایہ ملک نے اپنے اندرونی معاملات کی وجہ سے کیا جس کا پاکستان نے سخت سفارتی ردِ عمل دیا۔
گفتگو کے دوران حنا ربانی کھر نے کہا کہ دو ریاستوں کے تعلقات میں فوری ردِ عمل نہیں دیاجاتا، پاکستان کا ردِ عمل ایسا ہونا چاہئے کہ آئندہ کوئی ملک ایسا خیال ذہن میں نہ لاسکے۔ واضح رہے کہ بلوچستان پر ایران کے حملے کے نتیجے میں 2 بچے شہید جبکہ 3 بچیاں زخمی ہوئی تھیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے صدراور سابق وزیراعظم شہباز شریف سمیت ملک کی دیگر مشہورومعروف شخصیات نے بھی ایران کے حملے کی شدید مذمت کی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایران کا حملہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے۔