شوبز انڈسٹری کی “شیر خان” کہلانے والی اداکارہ حنا خان کافی عرصے سے بریسٹ کینسر کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں اور اس وقت علاج کے مراحل سے گزر رہی ہیں۔
کیموتھراپی کے باعث حنا نے اپنے بال کھو دیے لیکن حوصلہ نہیں چھوڑا اور اپنے مداحوں کو مسلسل متاثر کرتی رہیں تاہم ایک چیز جس نے سب کی توجہ حاصل کی وہ یہ ہے کہ اس مشکل وقت میں نہ صرف ان کے خاندان بلکہ ان کے بوائے فرینڈ راکی جیسوال نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ حنا خان نے اب اپنی کینسر کے سفر کی جھلک سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔
اپنے مداحوں کے ساتھ اپنی بہادری کے سفر کو شیئر کرتے ہوئے حنا نے انسٹاگرام پر کچھ تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کی ہیں، جن میں دکھایا گیا ہے کہ راکی نے ان کے مشکل وقت میں کس طرح ان کا ساتھ دیا اور ان کی خدمت کی۔
ایک تصویر میں حنا راکی کے کندھے پر سر رکھے بیٹھی ہیں۔ جب حنا نے اپنا سر منڈوایا تو راکی نے بھی اپنا سر منڈوا دیا۔ راکی کبھی انہیں اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلاتے نظر آئے، تو کبھی ان کے پاؤں دبانے یا ہاتھ اور پاؤں کی مالش کرتے دکھائی دیے۔ ایک ویڈیو میں راکی حنا کے چہرے پر کریم لگا رہے ہیں اور انہیں سینڈل پہنا رہے ہیں۔
پہلی کیمو، بریسٹ کینسر کا شکار حنا خان کی اسپتال جانے سے پہلے ایوارڈ شو کی خوبصورت ویڈیو وائرل
حنا نے ایک طویل پوسٹ میں راکی کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ حنا نے لکھا، “جب میں نے اپنے بال کٹوائے، تو اس نے بھی اپنے بال کٹوا دیے اور اس نے تب تک بال نہیں بڑھائے جب تک میرے بال دوبارہ نہ اگنے لگے۔ یہ اس شخص کے لیے ہے جو میری روح کی دیکھ بھال کرتا ہے، جو ہمیشہ کہتا ہے کہ مجھے تم میں سکون ملا ہے۔”
حنا نے مزید لکھا، “ہم نے ہر خوشی اور غم میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ ہم نے ایک پوری زندگی ساتھ گزاری۔ کووڈ کے دوران بھی ہم نے مشکل وقت دیکھا۔
ہم دونوں نے اپنے والد کو کھویا اور ایک دوسرے کو تسلی دی۔ مجھے یاد ہے جب کورونا اپنے عروج پر تھا، تو اس نے کورونا نہ ہونے کے باوجود تین ماسک پہن کر میری دیکھ بھال کی۔ یہاں تک کہ جب کینسر کی تشخیص ہوئی، اس نے میرا خیال رکھا اور میرے ساتھ کھڑا رہا۔”
حنا نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا، “جس دن ہم نے کیموتھراپی شروع کی، اس دن سے لے کر آج تک، جب میں ریڈی ایشن کروا رہی ہوں، اس نے میری رہنمائی کی۔
صفائی سے لے کر کپڑے پہنانے تک، اس نے سب کچھ کیا۔ اس نے میرے اردگرد ایک ایسی حفاظت کا دائرہ بنایا جسے کوئی توڑ نہیں سکتا۔ یہ سفرخاص طور پر پچھلے دو ماہ، نے مجھے بہت کچھ سکھایا اور بہت کچھ محسوس کروایا۔ تم میری زندگی کی سب سے خوبصورت چیز ہو۔