وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں کورین ڈراموں کی مقبولیت میں روزبہ روز اضافہ ہورہا ہے، جنوری میں نیٹ فلکس نے اعلان کیا تھا کہ رواں سال بڑی تعداد میں کورین ڈرامے دیکھے گئے۔
نیٹ فلکس کی جانب سے ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ سال 2022 میں نیٹ فلکس پر ناظرین و سامعین کی 60 فیصد تعداد نے کورین مواد میں زیادہ دلچسپی لی۔
ناظرین و سامعین کے اسی شوق کو دیکھتے ہوئے ہم نے 5 بہترین کورین ڈراموں کی ایک فہرست تیار کی ہے:
1) ایکسٹرا آرڈینری اٹارنی وو (2022)
کورین ڈرامے ایکسٹرا آرڈینری اٹارنی وو ایک آٹسٹک اٹارنی ینگ وو کے بارے میں کہانی ہے جو اپنے دوستوں اور ساتھیوں کی مدد سے کمرہ عدالت اور اس سے باہر کے چیلنجوں سے نمٹتی ہے۔ اس سیریز میں کانگ کی ینگ، ہا یون کیونگ، اور جو جونگ ہائ بھی ہیں۔
اس ڈرامے کے مداحوں کیلئے خوشخبری ہے کہ سال 2024 میں اس کا دوسرا سیزن شروع ہوگا۔
2)کریش کورس اِن رومانس (2023)
یہ ایک کورین مزاحیہ رومانوی سیریز ہے جس میں ایک لڑکی کو دکھایاگیا ہے جو کہ ایک مشہور ریاضی کے استاد کی کلاس میں شامل ہونے کی کوشش کرتی ہے۔
3)دی گلوری (2022)
مذکورہ سیریز مون ڈونگ ایون کے انتقامی سفر اور ناقابل فراموش ماضی کی کہانی کی پیروی کرتی ہے جس میں وہ اپنے ساتھی طالب علموں کے ذریعہ کئے گئے ہائی اسکول کے تشدد کا نشانہ بنی تھی۔
شروع میں وہ اُن کے خلاف شکایت درج کرواتی ہے چونکہ وہ بڑے گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں اس لئے مونگ ڈونگ کو بعد میں احساس ہوجاتا ہے کہ پولیس اُن کے خلاف کچھ نہیں کرسکے گی۔
ایک موقع پر وہ اپنی زندگی کو ختم کرنے کا بھی سوچتی ہے یہاں تک کہ وہ اسکول بھی چھوڑ دیتی ہے ، لیکن بعد میں اس کے دل میں خودکشی کرنے کے بجائے اِن طالب علموں سے بدلہ لینے کا خیال آتا ہے۔
4)ونچینزو (2021)
کورین ڈرامہ ونچینزو کی کہانی جرائم پر مبنی ہے جس میں سونگ جونگ کی اور جیون ییو بین نے مرکزی کردار اداکیے ہیں، ڈرامے میں ونچینزو کسانو کو دکھایا گیا تھا جس نے اٹلی کے ایک مافیا خاندان کیلئے کام کیا تھا۔
ڈرامے میں دکھایا گیا تھا کہ ونچینزو اٹلی کے مسائل سے تنگ آکر واپس جنوبی کوریا میں اپنی آبائی سرزمین پر واپس آتا ہے۔ واپسی کے بعد اس کی ایک وکیل سے ملاقات ہوتی ہے جس کے ساتھ مل کر وہ سونے کو تلاش کرنے کا ارادہ کرتا ہے۔
5) آل اَف آز آر ڈیڈ(2022)
نیٹ فلکس کی تیار کردہ اس سیریز کی کہانی ہائی اسکول کے طلباء کے گرد گھومتی ہے جو کہ اسکول میں زومبیز کے درمیان میں پھنس جاتے ہیں،یہ ایک سنسنی خیز سیریز ہے جس میں انھیں زومبی سے بچتے ہوئے دکھایاجائے گا۔