کراچی:پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی غلطیوں کو سدھارنا ہوگا، جو غلطیاں ہم کررہے ہیں ہمیں انہیں ترک کرنا ہوگا، آج عہد کریں کہ ہم نے انسانی جانوں کو محفوظ کرنا ہے، سیلفیاں بنوائے بغیر لوگوں کی مدد کریں، اور اس کار خیر میں اوورسیزپاکستانی بھی آگے آئیں۔
اداکارہ نے کہا کہ آئیں دل سے استغفار کریں، یہ بہترین وقت ہے کہ اللہ سے توبہ طلب کر لیں۔ انہوں نے کہاکہ میں اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کرتی ہوں اپنے ملک کے لئے دل کھول کر عطیات دیں، اس میں کوئی شک نہیں کورونا وائرس کی وبا نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
لاک ڈاؤن سے ملکی معیشت پربرے اثرات مرتب ہوئے اور غربت بڑھنے لگی ہے، سیلفیاں بنوائے بغیر لوگوں کی دل سے مدد کریں۔سینئر اداکارہ نے کہا کہ قرنطینہ میں موجود لوگ اپنے اندر جھانکیں کہ کیا غلطیاں ہوئیں اور اپنے گناہوں کی توبہ کریں۔
یہ سوچیں کہ اللہ ہم سے کیوں ناراض ہیں؟ ہمیں اپنی غلطیوں کو سدھارنا ہوگا۔ اللہ کو یاد رکھنا اور اللہ کے احکامات کی تعمیل اپنا شعار بنا لیں، عبادات نہیں کر سکتے تو کم از کم دھوکا دہی سے پرہیز کرلیں۔ سینئر اداکارہ نے کہا کہ آج کل میں ڈرامہ سیریل ”پیار کے صدقے“ میں کام کر رہی ہوں، ہمیشہ معیاری کام کرتی ہوں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ سب لوگ میری بڑی عزت کرتے ہیں۔