کراچی کے مختلف علاقوں میں اتوار کی صبح ایک بار پھر تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے کراچی شہر میں آج بھی پورا دن وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے اور اس حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں کہیں معتدل اور کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
اب کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، اسکیم 33، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال اور اطراف کے علاقوں میں تیز بارش شروع ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز کراچی میں سب سے زیادہ بارش کورنگی میں 77 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، پی اے ایف فیصل شارع پر 75 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، سرجانی ٹاؤن میں 63.8 ملی میٹر اور ملیر ہالٹ میں 64 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اولڈ ائیرپورٹ ایریا میں 51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔