کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ گھنٹوں طوفانی بارشیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں تین بچوں اور ایک خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق کراچی کے علاقے سپر ہائی وے ایم نائن و اطراف میں آندھی کے ساتھ تیز بارش شروع ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق اسکیم 33، گلشن اقبال، ملیر، کورنگی، لانڈھی میں بھی تیز آندھی اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
بلوچستان اور کے پی کے میں بارشوں سے تباہی، پانچ افراد ہلاک
کراچی میں دن بھر تیز گرمی کے بعد مغرب سے کچھ قبل گہرے بادل چھا گئے، تیز ہوائیں چلنے لگیں جبکہ آندھی کے ساتھ نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا، کورنگی، لانڈھی، ملیر آئی آئی چندریگر روڈ، صدر اور اطراف کے علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش شروع ہوگئی۔
سہراب گوٹھ، مویشی منڈی، ایئرپورٹ، طارق روڈ، نیو کراچی، بفرزون، النور اور فیڈرل بی ایریا کے علاقوں میں بھی پہلے تیز آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلیں، جس کے بعد بارش شروع ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پری مون سون کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا، ایک دو گھنٹے بعد بارش کا سلسلہ تھم جائیگا، تیز بارش کا کوئی امکان نہیں۔
دریں اثنا کراچی میں بدھ کی شام سے تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوا جو آندھی کی صورت اختیار کر گیا، اس دوران دیواریں اور درخت گرنے سمیت دیگر واقعات میں 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ملیر کے علاقے ملت ٹاؤن میں گھر کی دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوئے، جن کی عمریں 4 سے 5 سال کے درمیان تھیں۔
ریسکیو کے مطابق محکمہ موسمیات کے دفتر کے قریب واقع گلشن عریشہ میں دیوار گرنے سے ایک شخص شخص جاں بحق ہوا جبکہ چنیسر گوٹھ میں بھی دیوار گرنے سے 8 سال بچہ زندگی کی بازی ہار گیا۔
رپورٹ کے مطابق اورنگی ٹاؤن قطر موڑ کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں جبکہ گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب دیوار گرنے سے ایک 3 سالہ بچہ زخمی ہوگیا۔
حکام کے مطابق مائی کولاچی روڈ پر تیز بارش کے باعث درخت گر گیا تاہم کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث اسپتالوں میں رین ایمرجنسی نافذ نہیں کی گئی، شہر میں درمیانے درجے کی بارش کی پیشگوئی تھی، ڈی جی ہیلتھ اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی موجودگی کو یقینی بنارہے ہیں۔