لاہور:پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، فیصل آباد،شکرگڑھ، میانوالی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھاربارشوں نے موسم سہانا کردیا، جبکہ لاہور میں بونداباندی کے باعث شہری خوشی سے نہال ہوگئے۔
اس کے علاوہ پنڈی بھٹیاں، وزیر آباد، جہلم، ڈسکہ شہر، جلالپور بھٹیاں اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ، میانوالی شہر، دینہ، صفدرآباد، فاروق آباد، بھکر میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔
اسلام آباد میں دن بھر گرمی کے بعد تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی،اور طوفانی ہوائیں بھی چلیں،مارگلہ کی پہاڑیوں پر بنے ٹریک پر درخت تیز ہواؤں سے گرگئے،جس کے باعث کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا،اس کے علاوہ تیز آندھی کی وجہ سے اسلام آباد ائیر پورٹ کو بھی نقصان پہنچا، ناقص میٹیریل سے بنی سیلنگ نیچے جا گری، اور لاونچ میں شیشے سے بنا گیٹ بھی ٹوٹ گیا۔
دوسری جانب تیز ہواؤں کے باعث مسافروں کو جہاز تک پہنچانے والے برج کو بھی نقصان پہنچا۔ایئرپورٹ کی پارکنگ میں لگا موبائل ٹاور بھی تیز ہواؤں کے باعث نیچے جا گرا جبکہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نھی ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں شدید گرم رہے گا،تاہم پوٹھو ہار، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔