کراچی کے علاقے کارساز میں حادثے کا سبب بننے والی ملزمہ کو وکیلِ صفائی نے پاگل قرار دینے کی کوشش کی ہے، عدالت نے ڈرائیور خاتون کا ریمانڈ منظور کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالت میں کارساز حادثے کی ذمہ دار ملزمہ کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ ذہنی مریض ہے اور اس پوزیشن میں نہیں کہ پیش کرسکیں۔
پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ہمیں 7روز کا ریمانڈ دیا جائے تاکہ ملزمہ سے تفتیش کی جاسکے۔ عدالت نے 1 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا۔ ملزمہ کو جناح ہسپتال لے جایا گیا تھا، ڈاکٹرز نے ہسپتال میں داخل کرلیا۔
عدالت میں سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے وکیلِ صفائی کا کہنا تھا کہ میری مؤکل ذہنی مریضہ ہے۔ دوائیں کھاتی ہے۔ کسی کو بتائے بغیر گاڑی لے کر نکل گئی تھی۔ حادثے کے باعث گزشتہ روز باپ بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق خاتون نے پہلے موٹر سائیکل پر جانے والے باپ بیٹی کو گاڑی سے ٹکر ماری، پھر گاڑی روکنے کی بجائے دوسری گاڑی سے جاٹکرائی۔ حادثات کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔