آپ نے سادہ پراٹھا، آلو والا پراٹھا، پالک والا پراٹھا، مولی کا پراٹھا اور گوبھی کا پراٹھا تو سنا ہی ہوگا لیکن سوشل میڈیا پر ایک ایسا پراٹھا بھی وائرل ہے جسے ’ڈیزل‘ میں بنایا جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ وائرل ویڈیو انڈیا کے شہر چندی گڑھ کی ہے جہاں ایک ہوٹل میں مبینہ طور پر ڈیزل میں پراٹھے بنائے جاتے ہیں۔
اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر نیبُولا ورلڈ نامی ہینڈل نے ویڈیو شیئر کی جس میں ببلو نامی کُک ڈیزل پراٹھا بناتا ہے۔
نیبُولا ورلڈ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’کینسر کے لیے بہترین ریسپی، پیٹرول ڈیزل والا پراٹھا۔ ہم لوگ کہاں جا رہے ہیں؟‘
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کُک ببلو پہلے پراٹھے کے لیے آٹا گوندتے ہیں اور پھر اُس میں آلو والا مکسچر ڈالتے ہیں۔ اس کے بعد توے پر پراٹھے کو پکانے کے لیے ڈالا جاتا ہے۔
اس کے بعد کُک ببلو کی جانب سے پراٹھے پر بھرپور مقدار میں تیل ڈالا جاتا ہے۔
True recipe for cancer (petrol diesel wala paratha)
Where r we heading? pic.twitter.com/IIqbNarAkv
— NebulaWorld (@nebula_world) May 12, 2024
کُک کی جانب سے تیل اتنی مقدار میں ڈالا جاتا ہے کہ تیل توے سے باہر گرنے کے قریب پہنچ جاتا ہے۔ اس پر کُک ببلو دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ ڈیزل ہے۔
اس وائرل ویڈیو پر ایکس صارفین کے تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
شرن ایس گاؤڈا اپنے تبصرے میں لکھتے ہیں کہ ’یہ شاید پرانا آئل (کوکنگ) ہو۔ 200 سینٹی گریڈ کے درجہ حرارت پر ڈیزل میں آگ لگ جائے گی۔ کھانا بناتے وقت توے کا درجہ حرارت آسانی سے 250 سے 300 ڈگری ہو جاتا ہے۔ اگر اسے آگ نہیں لگ رہی تو اس کا مطلب ہے کہ یہ صرف تیل ہے۔‘