امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر پوپ کے لباس میں ملبوس اپنی آرٹیفیشل تصویر پوسٹ کرکے ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاست اور شخصیت ہمیشہ سے متنازعہ رہی ہے، انہوں نے امریکی و عالمی سطح پر کئی ایسی حرکات کیں جنہیں ناقدین اور مبصرین نے متنازعہ، غیرروایتی یا بعض صورتوں میں خطرناک قرار دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند روز قبل صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ اگلا پوپ بننا چاہتے ہیں جس کے بعد اب انہوں نے یہ تصویر شیئر کردی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم کچھ افراد نے ان کی حس مزاح کو سراہا بھی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تیار کی گئی تصویر میں ڈونلڈ ٹرمپ مسیحیوں کے مذہبی پیشوا کے مخصوص لباس میں نظر آرہے ہیں۔
انہوں نے گلے میں صلیب کی شکل کا لاکٹ اور پادریوں والی مخصوص شکل کی لمبی ٹوپی بھی پہنی ہے جبکہ ان کی دائیں ہاتھ کی انگلی کا رخ آسمان کی طرف ہے۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت نے امریکی سیاست کو شدید طور پر قطبی (polarized) کردیا۔ ان کے حامی انہیں جرات مند لیڈر” سمجھتے ہیں، جبکہ ناقدین انہیں جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہیں۔