سوشل میڈیا پر کچھ لوگ دعویٰ کر رہے ہیں کہ حکومت نے 6 سے 11 محرم تک ملک بھر میں سوشل میڈیا پر مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم تحقیق سے پتا چلا ہے کہ یہ دعویٰ غلط ہے کیونکہ ابھی تک ایسا کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ گردش کر رہی ہے جس میں تحریر ہے: سوشل میڈیا پر پابندی: 6 سے 11 محرم الحرام تک تمام سوشل میڈیا ایپس بشمول واٹس ایپ، فیس بک، انسٹاگرام، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور ٹوئٹر کو مکمل طور پر بند کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ملک بھر میں فرقہ واریت اور غیر ضروری مواد کو روکنے کے لیے۔
واضح رہے کہ پانچ روز قبل پنجاب حکومت نے نفرت انگیز مواد اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے اور فرقہ وارانہ تشدد سے بچنے کے لیے وفاقی سیکریٹری داخلہ کو 6 سے 11 محرم تک سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کی سفارش کی تھی، تاہم وفاقی حکومت نے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
عام طور پر گزشتہ کئی سالوں سے حکومت حساس شہروں اور علاقوں میں 9 اور 10 محرم کو سیکورٹی مقاصد کے تحت انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل کرتی رہی ہے۔