طوفانی بارشوں کےسبب اسکولوں کی بندش سے متعلق خبروں پر ترجمان محکمہ تعلیم سندھ نے اہم اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت کے مطابق سندھ میں اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق تمام سرکاری و نجی اسکولز کی انتظامیہ والدین کے ساتھ رابطہ میں رہے۔
والدین اسکول بند ہونے یا چھٹی کے حوالے سے فیک نیوز اور قیاس آرائیوں پر دھیان نہ دیں۔ محکمہ موسمیات نے جاری موسمی نظام کے زیر اثر شہر قائد میں آج موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
شہر میں منگل کی صبح سویرے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں درمیانی تیز بارش ہوئی، جس سے موسم کافی خوشگوار ہوگیا۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت صرف 29 ڈگری ہے۔
شدید ہوا کا کم دباؤ اس وقت نگر پارکر کے جنوب مشرق میں موجود ہے اور آج شام تک سندھ میں داخل ہو جائے گا۔
شہر کے قریب اس وقت بادلوں کی تشکیل کا عمل شروع ہو چکا ہے اور آنے والے گھنٹوں میں ان کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ شہر میں شمال مغربی ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
کراچی میں منگل کو صبح سویرے بارش ہوئی۔صدر، شاہراہ فیصل، گلستان جوہر، لانڈھی، کورنگی، ایم اے جناح روڈ، گرو مندر، سولجر بازار، لیاقت آباد، ناظم آباد، سائیٹ ایریا، گلشن اقبال، جیل چورنگی، صفورا چورنگی اور دیگر حصوں سے بھی بارش کی اطلاعات ہیں۔