بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ایک گاڑی کے قریب ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں 11کان کن جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے مطابق کان کن اپنی ڈیوٹی پر جا رہے تھے جب اچانک دھماکہ ہو گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں موقع پر ہی متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر شاہرگ کے رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں بھی اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
ابھی تک دھماکے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔
قبل ازیں بنوں میں بھی ایک سیکورٹی قافلے کے قریب دھماکہ ہوا، جس میں دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق یہ دھماکہ ڈومیل تھانے کے قریب منگل میلہ کے علاقے میں ہوا۔ نامعلوم حملہ آوروں نے سڑک کنارے نصب بارودی مواد کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ایک اور واقعے میں بلوچستان سے پنجاب جانے والی ایک مسافر بس پر دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہو گئے۔
ضلعی حکام کے مطابق بس خضدار سے راولپنڈی جا رہی تھی ،جب ایم8 ہائی وے پر کھوری کے مقام پر پہنچی تو ایک روڈ سائیڈ پر کھڑی کار میں زوردار دھماکہ ہوا۔
حکام کے مطابق دھماکے کے لیے ایک آلٹو کار میں بارودی مواد نصب کیا گیا تھا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملے کا اصل ہدف کیا تھا تاہم تحقیقات جاری ہیں۔