اسلام آباد: سابق صدرِ پاکستان اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے زندگی کی 65 بہاریں دیکھ لیں جبکہ اِس موقعے پر پیپلز پارٹی کارکنان، رہنما اور عوام الناس انہیں مبارکباد دے رہے ہیں، ہیپی برتھ ڈے زرداری ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق صدر آصف علی زرداری کی 65ویں سالگرہ کے موقعے پر ہیپی برتھ ڈے زرداری ٹاپ ٹرینڈ ہے جس کے تحت اب تک 17 ہزار 300 سے زائد پیغامات بھیجے جا چکے ہیں جس سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ کے موقعے پر پیپلز پارٹی کارکنان پرجوش ہیں، زرداری زندہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں، 65ویں سالگرہ کے کیک کاٹنے کی تیاریاں بھی مختلف پارٹی دفاتر میں جاری ہیں۔پی پی پی کارکنان کے مطابق ملکی سیاست میں آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے کردار کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔
آصف علی زرداری 26 جولائی 1955 کو حاکم علی زرداری کے گھر میں پیدا ہوئے جو پیپلز پارٹی کے بانی قائد ذوالفقار علی بھٹو شہید کے ابتدائی سیاسی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ بعد ازاں حاکم علی زرداری نے نیشنل عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
زرداری فیملی سیاست اور کاروبار دونوں میں ابتدا ہی سے متحرک رہی۔ آصف علی زرداری سینٹ پیٹرکس اسکول کے بعد کیڈٹ کالج پٹارو سے تعلیم یافتہ ہیں۔ 1968ء میں آصف علی زرداری چائلڈ اسٹار بھی بنے تاہم فلم باکس آفس پر چل نہ سکی۔
مختلف کاروباری و سیاسی سرگرمیوں میں ناکامی کے بعد سن 1987ء میں آصف علی زرداری نے بے نظیر بھٹو کے ساتھ شادی کی۔ پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے صدمے سے ابھی تک سنبھلی نہیں تھی، اِس لیے سابق وزیرِ اعظم بے نظیر کی شادی نے پی پی پی میں خوشیاں بکھیر دیں۔
آج کل سابق صدر آصف علی زرداری کو پاکستان تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت کی طرف سے سیاسی محاذ آرائی کا سامنا ہے۔ بدعنوانی کے مقدمات میں فردِ جرم کی صدائیں گونج رہی ہیں تاہم تمام تر مشکلات کے باوجود آصف علی زرداری ہنستے مسکراتے نظر آتے ہیں جو ان کی سیاست کا امتیاز سمجھا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل احتساب عدالت اسلام آباد نے فیصلہ کیا کہ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر فردِ جرم ویڈیو لنک کے ذریعے عائد کی جائے۔
احتساب عدالت میں 11 روز قبل سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے خلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی کرپشن ریفرنس کی سماعت کی گئی جس میں معزز جج اعظم خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔
مزید پڑھیں: آصف زرداری پر فردِ جرم ویڈیو لنک کے ذریعے عائد کرنے کا فیصلہ