برطانوی شہر برمنگھم میں برٹش جونیئر اوپن اسکواش کے انڈر 15 مقابلوں میں پاکستان کے حمزہ خان نے ٹائٹل جیت لیا جبکہ یہ کامیابی 8 سال بعد پاکستان کا نصیب بنی ہے۔
انڈر 15 اسکواش اوپن چیمپین شپ میں حصہ لیتے ہوئے حمزہ خان نے گزشتہ روز مدِ مقابل برطانوی کھلاڑی یوسف شیخ کو 4-11، 3-11 اور 7-11 سے ہرایا جبکہ مقابلہ محض 16 منٹ تک جاری رہا۔
پاکستان کے شہر پشاور سے تعلق رکھنے والے حمزہ خان نے 8 سال بعد وطنِ عزیز کو ٹائٹل جتوایا جبکہ انڈر 15 کے ساتھ ساتھ دیگر مقابلوں میں بھی پاکستان کی پوزیشن خاصی جاندار رہی۔
دوسری جانب وفاقی وزراء سمیت پاکستان کی قومی سیاسی و سماجی شخصیات کی طرف سے مبارکبادوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کمسن کھلاڑی کو مبارکباد دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ برٹش جونیئر اوپن اسکواش انڈر 15 ٹائٹل جیتنے پر حمزہ خان کو مبارکباد دیتی ہوں۔ اسکواش میں نوجوان نسل کو کامیاب دیکھ کر خوشی ہوئی۔
وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اسکواش کی تاریخ میں اپنا اہم مقام بنایا، تاہم بعد میں ہمیں اس میدان میں زیادہ کامیابی نہ مل سکی، اب حمزہ خان کی کامیابی پر بے حد مسرت ہے۔
Congratulations to Hamza Khan for winning the British Junior Open Squash Under-15 title. Glad to see our youth reviving Squash again – in which Pakistan had a glorious tradition but had failed to build on it.
— Shireen Mazari (@ShireenMazari1) January 7, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل برطانیہ میں اسکواش کی جونیئر اوپن 2020ء چیمپین شپ جاری ہے جس کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کی طرف سے جاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔
انڈر 13 مقابلوں کے راؤنڈ 1 میں پاکستان کے عبداللہ نواز نے 5/8 سے کرسچن کپیلا نامی امریکی کھلاڑی کو شکست دی۔ انہوں نے حریف کو 12-10، 13-11، 8-11، 12-10 سے شکست دی۔
مزید پڑھیں: برطانیہ میں اسکواش جونیئر اوپن 2020ء مقابلے جاری