لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وزیرِ خزانہ حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت ختم ہونے کے بعد ملک کے قرض لینے کی شرح دُگنی ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ خزانہ حماد اظہر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کا خدشہ کئی گنا بڑھ چکا ہے۔ رجیم چینج کے بعد سے افراطِ زر کی شرح 3گنا بڑھی۔
پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی کی وجہ سے نہیں ہوا۔حماد اظہر
بیان میں سابق وزیرِخزانہ حماد اظہر نے کہا کہ 14 ماہ میں پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 100 روپے سے زائد نیچے گرا۔ ملک کے ڈیفالٹ کرجانے کا خدشہ کئی گنا بڑھ گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وزیرِ خزانہ حماد اظہر نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی کی وجہ سے نہیں ہوا بلکہ پی ڈی ایم نے ملکی معیشت تباہ کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرکم و بیش 5ماہ قبل اپنے پیغام میں پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی کی وجہ سے نہیں ہوا جبکہ پی ڈی ایم نے معیشت کو تباہ کردیا ہے۔