کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سندھ کے عوام کے گنہگار ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ تین سالوں میں سندھ کو 1900 ارب روپے این ایف سی ایوارڈ کی مد میں دیے ہیں۔ مراد علی شاہ پہلے یہ بتائیں سندھ کی ترقی کا پیسہ کہاں برباد کیا ہے۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ میں مصنوعی مہنگائی کا بحران پیدا کرنے والا خود وزیر اعلیٰ ہے۔ ان سے اشیاء خوردونوش کی قیمتیں اور ذخیرہ اندوزی قابو نہیں کی جاتی ہیں، برصغیر میں مراد علی شاہ جیسا چندی چور اور پینشن چور وزیر اعلیٰ کہیں نہیں ہوگا۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کے بچوں کو کتوں اور ایڈز سے مارنے والے شرفاء و ہمدرد بننے کا ڈھونگ بند کریں ، سندھ حکومت اپنے اقتدار کی الٹی گنتی گننا شروع کردے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ قومی حمایت کے ساتھ پی ٹی آئی سندھ حکومت کا تخت جلد الٹنے والی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں کھلی کچہری کرنے کے بجائے مراد علی شاہ اپنے آبائی حلقے میں کچہری کریں، حلقے کے لوگ مراد علی شاہ کا استقبال کرنے کیلئے انڈے تیار کرکے بیٹھے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ن لیگ کے دور میں کراچی کا پیسہ رائیونڈ کی سڑکوں پر خرچ کیا گیا، خرم شیر زمان