کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما و اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ عمران خان کے چاہنے والوں کے ساتھ ظلم ہوا، لاہور کو کشمیر بنا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک ویڈیو بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ لاہور کی سڑکوں پر گزشتہ روز جو ہوا، وہ ایک سیاہ دن تھا۔ لاہور میں جو بھی کچھ ہوا، اس میں سابق صدر آصف زرداری خود کو بری قرار نہیں دے سکتے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات ہونگے۔الیکشن کمیشن
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آصف زرداری کا بہادر بچہ محسن نقوی پنجاب میں وزیر اعلیٰ ہے ۔ زرداری پنجاب میں موجود ہیں اور جو کچھ آج کل ہوا، وہ مجرمانہ سرگرمی ہے۔ یہ زرداری کی ہدایت کے بغیر نہیں ہوسکتا۔
قائدِ حزبِ اختلاف سندھ نے کہا کہ رانا ثناء اللہ اور شہباز شریف جیسے مجرم تو موجود ہیں۔نگراں حکومت غیر جانبدار ہوتی ہے لیکن پنجاب حکومت غیر جانبدار نہیں ہے۔ صوبائی حکومت جانبدار اور زرداری اور شریفوں کے نمائندے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آپ نے ویڈیوز دیکھیں، خواتین پر گاڑیوں میں تشدد کیا گیا۔ خواتین کو واٹر کینن سے بے عزت کیا گیا۔ مارپیٹ اور فائرنگ ہوئی۔ ڈنڈے چلے، گاڑیاں ٹوٹیں۔ آپ نے باجوہ ڈاکٹرائن سنا ہوگا، اس وقت پنجاب میں گلو بٹ ڈاکٹرائن نافذ ہے۔