کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے اعجاز جکھرانی کے گھر پر چھاپے کے بعد ڈاکوؤں سے محمد میاں سومرو اور مولا بخش سومرو کو دھمکیاں دلائی جارہی ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ہم ڈاکوؤں کی جانب سے وفاقی وزیر کو دھمکانے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کچے کے ڈاکو پکڑے جاتے ہیں تو پکے کے ڈاکو دھمکیاں دیتے ہیں، جب پکے کے ڈاکو پکڑے جاتے ہیں تو کچے کے ڈاکو دہمکایں دیتے ہیں۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے ڈاکو اسلحے کیساتھ وڈیو بیان جاری کررہے ہیں، ایسی کارروائیوں سے پیپلز پارٹی کا گھناؤنا چہرہ کھل کر سامنے آچکا ہے۔ پی پی کے وزراء کرپشن کرکے بلوں میں چھپ جاتے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سندھ میں تمام جرائم پیشہ افراد کے سرغنہ پی پی کے وزراء ہیں، پکے کے ڈاکو وزیراعلیٰ چھٹی پر ہیں تو کچے کے ڈاکو جھرو بنگلانی کو وزیراعلیٰ لگادیا جائے۔
رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ہم رینجرز اور پاک فوج سے بھرپور مدد کی اپیل کرتے ہیں اور کچے کے علاقے میں فوری آپریشن کا مطالبہ کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور دھماکے میں ملوث ماسٹر مائنڈ کا تعلق بھارت اور را سے ہے، معید یوسف