اسلام آباد: قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر حاجی نواز کھوکھر علالت کے باعث ہسپتال میں دورانِ علاج انتقال کر گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل حاجی نواز کھوکھر کو علالت کے باعث ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا تھا جن کا انتقال گزشتہ شب علاج کے دوران ہوا۔
سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی حاجی نواز کھوکھر کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی۔ نمازِ جنازہ سہ پہر 3 بجے کورال چوک، کھوکھر ہاؤس میں ادا ہوگی۔
قبل ازیں قومی احتساب بیورو (نیب) نے 1999ء میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی حاجی نواز کھوکھر کے خلاف ریفرنس بنایا جس سے 2015ء میں حاجی نواز کھوکھر بری ہو گئے تھے۔
بعد ازاں 2019ء میں 13 جون کے روز سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے بری ہونے کے بعد حاجی نواز کھوکھر کے خلاف کی گئی نیب کی اپیل مسترد کردی تھی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے سابق ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کے والد حاجی نواز کھوکھر کی وفات پر نامور سیاسی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ترجمانوں کی فوج تاریکی میں ڈوبے پاکستان سے لاعلم ہے۔مریم اورنگزیب