امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر منتخب ہوگئے۔
حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی پاکستان کے چھٹے امیر منتخب ہوئے ہیں۔ وہ 2029 تک جماعت اسلامی پاکستان کے امیر رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق نئے امیر کےانتخاب کے لیے جماعت اسلامی کے 45 ہزار سے زائد ارکان نے ووٹ ڈالا۔ حافظ نعیم الرحمان 80 فیصد سے زائد ووٹ لے کر امیر منتخب ہوئے۔
واضح رہےکہ نئے امیر کے انتخاب کے لیے جماعت اسلامی کے انتخابی کمیشن نے ارکان کی رہنمائی کے لیے 3 ناموں کا اعلان کیا تھا، جن میں سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمان شامل تھے۔ اراکین ان 3 کے علاوہ بھی کسی رکن کے امیر کے منصب پر انتخاب کے لیے اپنی رائے دے سکتے تھے۔
واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عام انتخابات میں ناکامی کے بعد جماعت اسلامی کی امارت سے 12 فروری کو استعفا دے دیا تھا۔
سراج الحق نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ محنت اور کوشش کے باوجود جماعت اسلامی کو الیکشن میں کامیابی نہیں دلا سکا، الیکشن میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی امارت سے استعفا دیتا ہوں، الیکشن میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔
تاہم جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ نے الیکشن میں ہارنے کی بنیاد پر سراج الحق کا استعفا منظور نہیں کیا تھا اور انہیں اپنی مدت مکمل کرنے تک بطور جماعت اسلامی کام جاری رکھنے کا کہا تھا، جس کے بعد سراج الحق نے بطور امیر جماعت اسلامی مدت کی تکمیل تک اپنا کام جاری رکھا۔