مرکزی رہنما جمعیت علمائے اسلام (ف) حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ نے مولانا فضل الرحمٰن کے مؤقف کی تائید کی ہے، انتخابات کالعدم قرار دے کر دوبارہ الیکشن کروائے جائیں۔
رہنما جے یو آئی حافظ حمد اللہ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے غیرت اورایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے استعفیٰ دیا ہے، تمام آر اوز لیاقت علی چٹھہ کی پیروی کریں۔کمشنر صاحب بھی بتائیں کہ ان پر کس نے پریشر ڈالا؟
گفتگو کے دوران حافظ حمداللہ نے کہا کہ خود کو جمہوری کہنے والی سیاسی جماعتیں آواز اٹھائیں اگر ان میں جمہوریت باقی ہے کہ الیکشن جتوایا کس نے اور شکست کس نے دلائی، یہ حقائق عوام کے سامنے آنے چاہئیں۔ عدالت بھی اس معاملے پر سوموٹو ایکشن لے۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ جب اسلام آباد کے پڑوس راولپنڈی میں دھاندلی ہوسکتی ہے تو خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں کیا ہوا ہوگا؟ صرف 2 جماعتوں کا کہنا ہے کہ الیکشن صاف و شفاف ہوئے ہیں۔ باقی جماعتوں نے الیکشن میں جعلسازی کی شکایت کی ہے۔
انہوں نے ملک بھر میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کا بیان پوری فلم کا صرف ایک ٹریلر ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔