اسلام آباد: سینیٹ الیکشن کیلئے انتخابی مہم کا وقت آج ختم ہوگیا ہے جبکہ کل ہونے والے انتخابات کے دوران بڑا معرکہ وزیرِ خزانہ حفیظ شیخ اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کے مابین ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے انتخابات میں صرف ایک روز باقی ہے۔ پیپلز پارٹی امیدوار یوسف رضا گیلانی اور پی ٹی آئی حکومت کے امیدوار حفیظ شیخ کے مابین مقابلے کے بعد ملک کی سیاسی قسمت کا بڑا فیصلہ ہوگا۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) فیصلہ کرچکی ہے کہ اگر یوسف رضا گیلانی جیت گئے تو لانگ مارچ کی بجائے انہیں سینیٹ چیئرمین بنانے کی راہ ہموار کی جائے گی اور اس کے بعد اگلا مرحلہ وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب یوسف رضا گیلانی کی جیت کا مطلب یہ سمجھا جائے گا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو اپنی نشست پر برقرار رہنے کیلئے درکار ووٹس اور اراکینِ اسمبلی کی درکار حمایت کم پڑ چکی ہے۔ ایسی صورت میں وزیرِ اعظم کو اراکینِ اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا۔
حفیظ شیخ کی جیت کی صورت میں پی ڈی ایم کا فیصلہ یہ ہے کہ حکومت گرانے کیلئے لانگ مارچ کیا جائے اور ملک گیر احتجاجی مہم چلائی جائے۔ دونوں قسم کی صورتحال میں پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی سمیت ملک کی ہر سیاسی جماعت اور اتحاد کی نظریں سینیٹ انتخابات پر جم چکی ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پی ٹی آئی کی تمام بڑی اتحادی سیاسی جماعتوں نے سینیٹ انتخابات میں پاکستان تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت کی حمایت کا اعلان کیا جبکہ سینیٹ انتخابات کل منعقد ہوں گے۔
رات گئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات اور ایم کیو ایم (پاکستان) کے رہنما سید امین الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام سیاسی اتحادی ایک ہی پیج پر ہیں۔ ہم پارلیمان کے ایوانِ بالا میں پی ٹی آئی کی حمایت کریں گے۔
مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات، اتحادی سیاسی جماعتوں نے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کردیا