حدیقہ کیانی کی سیلاب زدگان کے لئے مہم ”وسیلہ راہ“ نے بلوچستان میں 100 مکانات کی تعمیر مکمل کرنے کے بعد اب اسی قصبے میں مقامی لوگوں کے لیے عبادت کے لئے ایک مسجد کی تعمیر مکمل کر لی ہے۔
تاہم، حدیقہ کیانی کو علاقے میں صاف پانی کی کمی کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے اپنے حمایتیوں سے کہا ہے کہ وہ طویل مدتی حل تلاش کرنے میں ٹیم کا ساتھ دیں۔
حدیقہ کیانی نے انسٹا گرام پر مسجد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ”الحمدللہ! مجھے ابھی بلوچستان میں ہماری پہلی مکمل مسجد کی تصاویر موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، ”اس دوران، اس وقت ہم سب کے لیے ایک ضروری معاملہ صاف پانی کا ہے۔
حدیقہ کیانی نے مزید لکھا کہ ہم پانی کے ٹینک فراہم کر رہے ہیں لیکن مزید مستقل حل کی ضرورت ہے،” اور اپنے چاہنے والوں سے کہا کہ وہ ایسے لوگوں کی تلاش میں مدد کریں جو بلوچستان میں پانی کی فلٹریشن سسٹم کو نافذ کریں، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس معاملے کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل معروف پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے مکانات کی تعمیر نو کے اپنے وعدے کو پورا کیا کیونکہ ان کے پروجیکٹ ”وسیلہ راہ” نے سیلاب سے متاثرہ صوبے میں تعمیر نو کے پہلے مرحلے میں 100 مکانات کی تعمیر مکمل کرلی ہے۔
مزید پڑھیں:اجے دیوگن اور تبو کی ایکشن تھرلر فلم ’بھولا‘ کا ٹریلر ریلیز ہوگیا
حدیقہ کیانی نے اپنا پروجیکٹ وسیلہ راہ اگست میں شروع کیا تھا اور تعمیر نو کے عمل میں مدد کے لیے لاہور اور کراچی سے فنڈ اکٹھا کیا تھا۔