کراچی: مزارِ قائد پر گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے کو نئے فرائض تفویض کیے گئے، ائیر فورس کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے جس میں خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج یومِ دفاع کے موقعے پر مزارِ قائد پر گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ائیر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ تھے۔ یومِ دفاع کے موقعے پر بابائے قوم کی روح کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
یومِ دفاع، قوم 6ستمبر کے جذبے کو اپنے دلوں میں زندہ رکھے۔وزیراعظم
تقریب کے مہمانِ خصوصی ائیر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی اور سلام پیش کیا۔ تقریب کے دوران پاک فضائیہ کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ کے فرائض سنبھال لیے۔
مہمانِ خصوصی ائیر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے مزارِ قائد پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ گارڈز کے فرائض پاک فضائیہ کے 65 کیڈٹس نے سنبھالے جس میں 5 خواتین شامل ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر بھی گارڈز تبدیلی کی تقریب منعقد کی گئی۔ ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل سیّد آصف حسین نے مزارِ اقبال پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
ڈی جی رینجرز مزارِ اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔ واضح رہے کہ یومِ دفاع سمیت دیگر قومی تقریبات کے موقعے پر مزارِ اقبال اور مزارِ قائد پر گارڈز تبدیلی کی تقاریب منعقد کی جاتی ہیں جس کا مقصد بابائے قوم اور شاعرِ مشرق کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔