مرحوم عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق 23 جون کو صبح ساڑھے 9 بجے عامر لیاقت کی قبر کشائی کی جائے گی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کی سربراہی میں 6 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ میڈیکل بورڈ میں ایڈیشنل پولیس سرجن شاہد نظام، ایچ او ڈی فرانزک میڈیسن جناح پرویز مخدوم بھی شامل ہیں۔
6 رکنی میڈیکل بورڈ میں فرانزک ایکسپرٹ ڈاکٹر ہری رام اور ڈاکٹر گلزار علی بھی شامل ہونگے جبکہ ایم ایل او ڈاکٹر اریب بقائی بھی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔
واضح رہے کہ 9 جون کو عامر لیاقت کا انتقال ہوا تھا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق شہری کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔ جس کے بعد عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کیا تھا۔ دوسری جانب عامر لیاقت کے اہل خانہ ان کا پوسٹ مارٹم کرانے کے خلاف ہیں۔