لاہور: پنجاب حکومت نے رمضان المبارک 2025 کے پیش نظر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے آٹے اور چینی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی ہے۔
یہ اقدام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کیا گیا ہے جنہوں نے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
ڈی جی فوڈ پنجاب شعیب خان جدون کے مطابق گوجرانوالہ، گجرات اور راولپنڈی میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 75 روپے تک کمی کی گئی ہے۔
فیصل آباد، سرگودھا اور ساہیوال ڈویژن میں آٹے پر 20 سے 80 روپے تک کا ریلیف دیا جا رہا ہے جبکہ ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں آٹے کے تھیلے پر 30 سے 85 روپے تک رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔
رمضان بازاروں میں آٹا اور چینی رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔ ڈی جی فوڈ پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں حکومتی ریلیف اقدامات کے نتیجے میں 1250 آٹے کے تھیلے اور 1730 کلو چینی فروخت کی جا چکی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے بھی رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اسلام آباد بھر میں 17 سستے بازار قائم کیے جائیں گے، جہاں شہری اشیائے خوردونوش کو تھوک نرخوں پر خرید سکیں گے۔ضلعی انتظامیہ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ان اقدامات کی نگرانی کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔