کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی، اس دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں بارشوں سے تباہی ہوئی ہے، کل گورنر پنجاب چوہدری سرور کے ساتھ بدین کا دورہ کروں گا۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر پنجاب اور ان کے دوست یہاں کے مکینوں کے لیے ریلیف پیکیج لائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ افراد تک راشن پہنچائیں گے، اخوت فاؤنڈیشن کی مدد سے سندھ میں 10 ہزار لوگوں کو بلا سود قرضہ دیں گے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ سندھ بھر میں راشن تقسیم کریں، بارشوں سے اندرونِ سندھ میں کراچی سے زیادہ تباہی ہوئی۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ سندھ کے عوام سے یکجہتی کیلئے یہاں آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں نالوں پر قبضے ہیں، کسی نے الاٹ کیئے ہوں گے، ان نالوں کی صفائی نہیں ہوئی، جس کا کوئی تو ذمے دار ہوگا۔گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں تمام کام صوبائی حکومت کے ہیں، وفاق سندھ حکومت کی مدد کرنا چاہتا ہے، مل کر کام کریں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کل میٹنگ میں کراچی کے لیے ایک پلان بنایا ہے، کراچی کے لیے پلان تمام اسٹیک ہولڈرز سے شیئر کیا جائے گا، وزیرِ اعظم کراچی آ کر پلان بتائیں گے۔
گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں بہت سے لوگ ہیں جو ایماندار ہیں، دیانت دار ہیں اور کام کرنے والے ہیں، پہلی بار اندازہ ہوا ہے کسی کے گھر میں پانی داخل ہو جائے تو کیا ہوتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ایک گھنٹے کی بارش میں پورا کراچی ڈوب جاتا ہے، پیسہ لگے یا جان لگے، ہم سب نے مل کر کراچی کو ٹھیک کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق جو کر رہا ہے این ایف سی ایوارڈ پر کر رہا ہے، ایڈمنسٹریٹر تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے لگایا جائے گا، تاہم اس کا حتمی اختیار سندھ حکومت کو ہے۔کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ورکنگ کمیٹی بنی ہے جس میں وزیرِ اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ بھی شامل ہیں۔