اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے تمام متعلقہ وزارتوں سے دو روز میں عوام کو ریلیف کی فراہمی سے متعلق اقدامات پرعملدرآمد کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر موثر کنٹرول اورغریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق تجاویز پرغور کیا گیا۔عمران خان نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت نے احساس پروگرام کے لیے 190 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے غریب خاندانوں کو 7 لاکھ 20 ہزار روپے کی انشورنس دی جارہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کو 7 ارب روپے مہیا کیے ہیں۔
قیمتوں پر کنٹرول، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے تمام اقدامات کررہے ہیں کیونکہ شہریوں کو اشیائے خوردونوش کی یقینی دستیابی ریاست کی ذمہ داری ہے۔
عمران خان نے اجلاس کو بتایا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کی نشاندہی کی جائے۔ ٹائم لائنز پر مبنی واضح لائحہ عمل تشکیل دیا جائے اور تمام وزارتوں کی ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سیکورٹی کونسل میں کشمیر پر بحث ہماری بڑی سفارتی کامیابی ہے۔چوہدری سرور